ڈولفن سکواڈ کی سیف سٹی کیمروں کی کالز کی بنیاد پر کارروائیاں ،8گاڑیاں برآمد
لاہور (کر ائم رپو رٹر)صوبائی دارالحکومت لاہور میں جرائم کی روک تھام اور جدید پولیسنگ کیلئے ٹیکنالوجی کے استعمال میں مزید اضافہ کر دیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر شہر کے مختلف حساس مقامات پر 20خصوصی مستقل پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں، جہاں ڈولفن سکواڈ کی ٹیمیں تعینات ہیں۔ڈولفن سکواڈ نے سیف سٹی کیمروں سے موصول ہونے والی کالز اور الرٹس کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف جرائم میں مطلوب 8گاڑیاں برآمد کر لیں، پولیس ترجمان کے مطابق برآمد ہونے والی گاڑیوں میں 4فیک نمبر پلیٹ والی، ایک چوری شدہ، ایک ٹمپرڈ جبکہ ایک مقدمے میں مطلوب گاڑی شامل ہے۔ترجمان ڈولفن کے مطابق سیف سٹی کیمرہ کالز اور الرٹس پر فوری ردعمل کیلئے لاہور کے مختلف حساس مقامات پر 20سے زائد ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں، جو مشکوک گاڑیوں کی چیکنگ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کر رہی ہیں۔کارروائی کے دوران ایک گاڑی کو ضروری تصدیق اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد موقع پر ہی ریلیز کر دیا گیا جبکہ دیگر برآمد شدہ گاڑیاں مزید قانونی کارروائی کے لئے تھانہ مزنگ، مسلم ٹائون، فیصل ٹائون، اقبال ٹائون اور دیگر متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دی گئی ہیں۔