میکسیکو: سابق ملکہ حسن کیرولائنا فلورس گومیز مبینہ طور پر ساس کی فائرنگ سے قتل

میکسیکو: سابق ملکہ حسن کیرولائنا فلورس گومیز مبینہ طور پر ساس کی فائرنگ سے قتل

میکسیکو میں ایک افسوسناک اور سنسنی خیز واقعہ پیش آیا ہے جس میں سابق ملکۂ حسن کیرولائنا فلورس گومیز مبینہ طور پر اپنی ساس کی فائرنگ سے قتل ہو گئیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 15 اپریل کو میکسیکو سٹی کے پوش علاقے پولانکو میں پیش آیا، جہاں 27 سالہ کیرولائنا اپنے گھر میں موجود تھیں۔ اسی دوران ان کی ساس نے اچانک ان پر گولیاں چلا دیں، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئیں۔ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد خاندان میں شدید تنازعہ سامنے آیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ فائرنگ کے بعد مقتولہ کے شوہر اور ملزمہ کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا، جس دوران ساس نے مبینہ طور پر یہ مؤقف اختیار کیا کہ وہ اپنے بیٹے کی دوری کا ذمہ دار کیرولائنا کو سمجھتی تھیں۔پولیس حکام کے مطابق واردات کے بعد ملزمہ جائے وقوعہ سے فرار ہو گئی، جس کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ تفتیشی ادارے اس پہلو کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا مقتولہ کے شوہر کا اس واقعے میں کوئی براہِ راست یا بالواسطہ کردار تھا یا نہیں۔

کیرولائنا فلورس گومیز کو میکسیکو میں ایک معروف شخصیت سمجھا جاتا تھا۔ انہوں نے 2017 میں “مس ٹین یونیورس باخا کیلیفورنیا” کا ٹائٹل جیتا تھا اور بعد ازاں سوشل میڈیا پر بطور کانٹینٹ کریئیٹر بھی سرگرم رہیں۔ حال ہی میں وہ ایک بچے کی ماں بنی تھیں، جس کے باعث یہ واقعہ مزید افسوسناک قرار دیا جا رہا ہے۔پولیس کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں اور واقعے کے تمام ممکنہ پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔