امریکا میں برطانوی سفیر کا انکشاف، موجودہ عالمی حالات میں امریکا کا ’خصوصی تعلق‘ صرف اسرائیل کے ساتھ رہ گیا ہے.
برطانوی سفیر سر کرسچن ٹرنر نے ایک لیک ہونے والی آڈیو میں اعتراف کیا ہے کہ موجودہ عالمی صورتحال میں امریکا کا ’خصوصی تعلق‘ برطانیہ کے ساتھ نہیں بلکہ ممکنہ طور پر صرف اسرائیل کے ساتھ رہ گیا ہے۔ فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، سر کرسچن ٹرنر نے کہا کہ اگرچہ ابھی بھی امریکا اور برطانیہ کے درمیان دفاع، معیشت اور سیکیورٹی کے شعبوں میں قریبی تعاون ہے، مگر یہ تعلق ماضی جیسا نہیں رہا اور عالمی حالات کے مطابق تیزی سے بدل رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورپ کو اپنی سیکیورٹی کے لیے اب مکمل طور پر امریکا پر انحصار نہیں کرنا چاہیے اور نئی حکمت عملی اپنانا ضروری ہے۔ سفیر کا کہنا تھا کہ مغربی اتحادی ممالک کو اپنے باہمی تعلقات اور ذمہ داریوں کا از سر نو جائزہ لینا ہوگا، اور موجودہ دور میں سب سے مضبوط اور نمایاں تعلق امریکا کا اسرائیل کے ساتھ ہے، جو خطے کی بدلتی سیاسی صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔
دوسری جانب، برطانوی دفتر خارجہ نے اس بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سفیر کی ذاتی رائے ہے اور اسے برطانیہ کی سرکاری پالیسی نہیں سمجھا جائے۔ ماہرین کے مطابق، یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی سیاست میں تیزی سے تبدیلیاں آ رہی ہیں اور مغربی اتحاد کے مستقبل پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔