راولپنڈی اور اسلام آباد میں انٹرنیٹ سروس متاثر،جزوی تعطل

 راولپنڈی، اسلام آباد( آن لائن )راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں موبائل ڈیٹا اور وائی فائی سروس میں جزوی تعطل کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق ایک ٹیلی کام آپریٹر کے نیٹ ورک میں آپٹیکل فائبر کیبل کٹنے کے باعث چند سروس فراہم کنندگان کے نیٹ ورک میں جزوی خرابی پیدا ہوئی، جس سے جڑواں شہروں کے بعض علاقوں میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی۔پی ٹی اے کے مطابق انٹرنیٹ سروس میں خرابی مقامی اور گردونواح کے چند علاقوں تک محدود تھی، جبکہ ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس معمول کے مطابق جاری رہی۔ترجمان کے مطابق آپٹیکل فائبر کیبل کی مرمت کا کام مکمل کرلیا گیا ہے اور متاثرہ علاقوں میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال کردی گئی ہے۔