بچہ ہلاکت کیس،یتیم خانہ مالک کاجوڈیشل ریمانڈ منظور

ملتان(خصوصی رپورٹ )گاڑی تلے کچلے جانے والے 15 سالہ یتیم بچے وسیم عباس کے کیس میں گرفتار یتیم خانہ مالک شعیب جوئیہ کو گزشتہ روز جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ۔ واضح رہے پولیس تھانہ بی زیڈ نے یتیم بچے وسیم عباس کو جبری مشقت پر توقیر نذیر کے حوالے کرنے پر نجی یتیم خانہ کے مالک شعیب جوئیہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تھا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد ملزم کو گرفتار بھی کر لیا تھا۔ گرفتاری کے بعد پولیس نے ملزم کو عدالت میں پیش کیا اور وہاں سے چار روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کر لیا تھا۔ گزشتہ روز پویس نے ملزم شعیب جوئیہ کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر دوبارہ عدالت میں پیش کیا اور ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کی استدعا کی۔ عدالت نے پولیس کی استدعا پر شعیب جوئیہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔