سبزہ زار میں نو سالہ بچی کو ہراساں کرنے والا گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر) سبزہ زار پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نو سالہ بچی کو ہراساں کرنے اور نازیبا حرکت کرنے کے الزام میں ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت عمران کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم نے مبینہ طور پر ٹیوشن جاتے ہوئے بچی کو ہراساں کیا جس پر بچی خوفزدہ ہوکر واپس گھر کی جانب بھاگ گئی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے بچی کے والد کی درخواست پر فوری مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنے کے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ والدین بچوں کو گھر سے باہر تنہا بھیجنے سے گریز کریں اور ایسے واقعات کی فوری پولیس کو اطلاع دیں تاکہ ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی یقینی بنائی جاسکے۔