مناواں پولیس کا قمار بازی کے اڈے پر چھاپہ، پانچ گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر) مناواں پولیس نے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے قبرستان کے قریب مبینہ طور پر قمار بازی میں مصروف پانچ ملزمان کو گرفتار کرکے نقدی اور موبائل فون برآمد کرلیے۔ ترجمان کینٹ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عامر، زبیر، حیات خان، یوسف خان اور عبدالرؤف کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے قمار بازی میں استعمال ہونے والی ایک لاکھ 52 ہزار 200 روپے کی رقم اور چار موبائل فون برآمد کرلیے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ ایس پی کینٹ عثمان عزیز میر نے کہا کہ قمار بازی سمیت دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون شکن عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی اور جرائم کی روک تھام کے لیے پولیس کارروائیاں جاری رہیں گی۔