زیر تعمیر گودام کی چھت گر گئی، 1مزدور جاں بحق، 7 زخمی

 ملتان (خصوصی رپورٹ)بوسن روڈ ناردرن بائی پاس کے قریب زیر تعمیر گودام کی چھت گرنے سے ایک مزدور جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہو گئے، زخمیوں کو نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق زیر تعمیر عمارت میں 10 سے 15 مزدور کام میں مصروف تھے کہ اچانک سٹرکچر فیل ہونے سے چھت زمین بوس ہو گئی اور مزدور ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں کی نگرانی میں ریسکیو 1122 کی 10 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ امدادی ٹیموں نے ملبے تلے دبے مزدوروں کو باہر نکالا۔ حادثے میں 38 سالہ محمد رشید ولد رفیق جاں بحق ہو گیا جبکہ زخمیوں میں 26 سالہ محمد توقیر ولد خدایار، 16 سالہ رمضان اسماعیل ولد اسماعیل، 23 سالہ محمد قدیر ولد خدایار، 37 سالہ حفیظ الرحمٰن ولد احمد بخش، 42 سالہ محمد عبداللہ ولد عطا محمد، 29 سالہ عامر حسین ولد ذوالفقار حسین اور 17 سالہ فرحان ولد اللہ رکھا شامل ہیں۔ دوسری جانب تھانہ بی زیڈ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے عمارت کے نگران اور ٹھیکیدار کو حراست میں لے لیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق تمام مزدوروں کو ملبے سے نکال لیا گیا۔ رات گئے تک کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا۔