ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے پاک چین تعلقات مزید مستحکم بنائیں گے عطاء تارڑ

سی پیک ہمارے مشترکہ مستقبل کا جسم ہے تو انفارمیشن کوریڈور اس کی آواز ہو گا،  روزگار، جدت اور ماحول دوست ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہدف ہے
  چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کے ذریعے پاک چین دوستی کی کہانی ہر گھر اور ہر زبان تک پہنچائی جائے گی:  کوریڈور کی افتتاحی   تقریب سے خطاب
اسلا م آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے  چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور پاک چین دوستی کو نئی نسلوں تک منتقل کرنے، دونوں ممالک کے عوام میں باہمی سمجھ بوجھ بڑھانے اور ڈیجیٹل دور میں مشترکہ ترقی کے فروغ میں پل کا کردار ادا کرے گا، اگر سی پیک ہمارے مشترکہ مستقبل کا جسم ہے تو انفارمیشن کوریڈور اس کی آواز ہو گا،ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے پاک چین تعلقات مزید مستحکم بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ   ڈیجیٹل دور میں رابطہ طاقت اور بیانیہ خودمختاری ہے، جو قوم اپنی کہانی خود نہیں سناتی، اس کی کہانی دوسرے سناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی نسل در نسل منتقل ہونے والا قیمتی ورثہ ہے، جسے نئی نسل تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے  میڈیا، معلومات کے تبادلے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا مورثر استعمال وقت کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک )نے دہائیوں کی خیرسگالی کو عملی ترقی، توانائی کے منصوبوں اور بنیادی ڈھانچے میں تبدیل کیا۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے نے دونوں ممالک کی زمینوں کو جوڑا، جبکہ اگلے مرحلے میں ذہنوں کو ملانے پر توجہ دی جائے گی، سی پیک 2.0 کے تحت ترقی، روزگار، جدت اور ماحول دوست ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کا ہدف ہے