کئی روپوش ہوگئے،گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ،گرفتارافراد خصوصی سنٹرمنتقل
15لاکھ 14ہزار 384افغانیون کو وطن واپس بھیج دیاگیا،سرکاری اعدادوشمار
گوجرانوالہ ،لاہور(کرائم رپورٹر)گوجرانوالہ پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی طور پر پاکستان میں مقیم 121افراد کو گرفتار کرلیا ،سرکاری اعدادوشمار کے مطابق اب تک 15لاکھ 14ہزار384افغان مہاجرین اپنے وطن واپس جاچکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ پولیس کی کارروائی میں گرفتارہونیوالے افغان باشندے بغیر کسی قانونی دستاویزات اور ویزاکے شہر کے مختلف مقامات پر رہائش پذیر تھے،پولیس کارروائی کے دوران متعدد افراد روپوش ہو گئے جن کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں۔ گرفتار افراد کو ابتدائی چھان بین کے بعد ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں قائم خصوصی سنٹر منتقل کر دیا گیا ،تصدیق کے عمل کی تکمیل کے بعد انہیں قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے افغانستان بھیج دیا جائے گا۔ دوسری طرف پاک افغان سرحد چمن کے راستے افغان مہاجرین کی اپنے وطن واپسی کا عمل مسلسل جاری ہے ، روزانہ تین سے چار ہزار افغان مہاجرین کی واپسی عمل میں لائی جا رہی ہے۔