نائیجیریامیں اغوا کی گئی 24 طالبات کو رہا کردیا گیا

 باقی مغویوں کو چھڑوانے کے لیے کارروائیاں تیز کی جائیں،صدرکافورسزکوحکم
 ابوجہ (یواین پی)نائیجیریا کے شمال مغربی علاقے میں ایک سرکاری بورڈنگ اسکول سے گزشتہ ہفتے اغوا کی گئی 24 طالبات کو رہا کردیا گیا۔ صدارتی اعلامیے میں بتایا گیا کہ منگل کے روز صدر بولا ٹینوبو نے لڑکیوں کی رہائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز سے مطالبہ کیا کہ باقی مغویوں کو چھڑوانے کے لیے کارروائیاں تیز کی جائیں۔صدر ٹینوبو نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ تمام 24 طالبات مل گئی ہیں۔ اب فوری طور پر حساس علاقوں میں مزید سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں تاکہ اغوا کے مزید واقعات روکے جا سکیں۔ ان طالبات کو 17 نومبر کو  مسلح افراد نے اغوا کیا تھا، شمالی نائیجیریا میں تاوان کے لیے اجتماعی اغوا معمول بنتے جا رہے ہیں۔ مسلح گروہ اسکولوں اور دیہی بستیوں پر حملہ کر کے مقامی سیکیورٹی کو آسانی سے مغلوب کر دیتے ہیں