وقاص اور انعام الحق عرف فوجی پولیس کو قتل، ڈاکے، راہزنی ، بھتہ خوری سمیت درجنوں مقدمات میں مطلوب تھے
لاہور(کرائم رپورٹر) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب بھر میں جرائم پیشہ افراد اور خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے بھرپور کارروائیاں کر رہا ہے۔ سی سی ڈی کے ساتھ پولیس مقابلے میں فیصل آباد کے علاقے میں دہشت کی علامت سمجھے جانے والے شاہ گینگ کے مزید دو اشتہاری ملزمان محمد وقاص اور انعام الحق عرف فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ ہلاک اشتہاری پولیس کو قتل، ڈاکے، راہزنی ، بھتہ خوری سمیت درجنوں مقدمات میں مطلوب تھے۔ملزمان کے دیگر 4 ساتھی اور خطرناک شاہ گینگ کے سرغنہ گزشتہ روز پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے تھیتفصیلات کے مطابق سی سی ڈی فیصل آباد نے اشتہاریوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پرگوجرہ کے نواحی علاقے میں چھاپہ مارا۔اشتہاریوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جو تقریباً آدھا گھنٹہ جاری رہی۔ سی سی ڈی کے اہلکاروں نے اپنے آپ کو محفوظ بناتے ہوئے سیلف ڈیفنس میں فائرنگ کی فائرنگ کا عمل رکنے پر سرچ آپریشن کیا جس میں دو ملزمان زخمی حالت میں ملے جو ہسپتال منتقلی کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے اس موقع پر ملزمان کے دیگر ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے ایک دوسری کارروائی میں سی سی ڈی قصور سے مقابلے میں 2 خطرناک ڈاکو ہلاک ہو گئے قصور اور لاہور میں دہشت کی علامت سمجھے جانے والے بدنام زمانہ ڈاکو نقاش بٹ اور عثمان عرف اسامہ دوران ڈکیتی شہریوں کو ہلاک کرنے کے متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب اشتہاری تھے۔ ہلاک ڈاکوؤں نے چند روز قبل قصور میں دوران ڈکیتی ایک معصوم شہری اور دوکاندار کو ناحق قتل اور وہاں موجود عام شہریوں کو بھی فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا تھا جس کی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی تھی۔ سی سی ڈی نے بائی پاس قصور پر ڈاکوؤں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا۔ ڈاکوں نے سی سی ڈی ٹیم کو دیکھ کر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ فائرنگ کا عمل رکنے پر سرچ اپریشن کے دوران موقع سے دو ڈاکوؤں کی لاشیں ملیں جبکہ دیگر ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے موقع سیفرار ہوگئے جن کی تلاش کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ سی سی سی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ مفرور اشتہاری سی سی ڈی کے سامنے ہتھیار ڈال دیں انکے انسانی اور قانون قانونی حقوق کی حفاظت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ سی سی ڈی نے عوام الناس سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ بلا خوف و خطر جرائم پیشہ افراد کی نشاندھی کریں تاکہ انھیں قانون کے سخت کٹہرے میں لایا جا سکے