سندھ حکومت کا بڑی تعداد میں ای وی اور ہائبرڈ بسیں لانے کا فیصلہ

 چند ماہ میں ڈبل ڈیکر بسوں کیساتھ مزید بسیں کراچی کی سڑکوں پر ہوں گی، سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن
کراچی(آئی این پی )حکومت سندھ کی جانب سے حالیہ مالی سال کے دوران بڑی تعداد میں ای وی اور ہائبرڈ بسیں لانے کا فیصلہ کیا گیا۔سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں ریڈ لائن اور یلو لائن بی آر ٹی کے جاری تعمیری کام کی موجودہ صورتحال اور پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں شرجیل انعام میمن کو دونوں منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ آئندہ چند ماہ کے اندر ڈبل ڈیکر بسوں کے ساتھ ساتھ مزید بسیں کراچی کی سڑکوں پر ہوں گی، صوبائی دارالحکومت میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو مکمل طور پر ای وی بسوں پر منتقل کرنے جا رہے ہیں۔ پاکستان میں پہلی بار ای وی بسوں کے بعد پہلی بار ڈبل ڈیکر بسیں بھی حکومت سندھ متعارف کروانے جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن اور ییلو لائن بی آر ٹی کراچی کے شہریوں کے لیے ایک انقلابی تبدیلی ثابت ہوں گے۔ بی آر ٹی منصوبوں کا مقصد شہریوں کو معیاری، محفوظ اور سستی ٹرانسپورٹ مہیا کرنا ہے۔