عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی

عالمی منڈی میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں عارضی وقفے کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جسے رواں سال 8 اپریل کے بعد ایک ہی روز میں سب سے بڑی گراوٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق برینٹ کروڈ آئل کی قیمت میں 11.3 فیصد کمی کے بعد یہ 85.87 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت تقریباً 7 فیصد کم ہو کر 82.61 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئی۔رپورٹس کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں یہ نمایاں کمی امریکا اور ایران کے درمیان فوجی کارروائیوں میں عارضی وقفے کے بعد سامنے آئی، جس سے عالمی منڈی میں تیل کی سپلائی سے متعلق خدشات میں کمی آئی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری دیکھی گئی۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ واشنگٹن نے ایرانی حکومت کی درخواست پر ایران کے خلاف حملے عارضی طور پر روک دیے ہیں۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر نئی جنگ بندی پر اتفاق نہ ہو سکا تو امریکا دوبارہ فوجی کارروائی شروع کر سکتا ہے۔معاشی ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال عالمی توانائی مارکیٹ پر گہرے اثرات مرتب کرتی ہے، اور آئندہ دنوں میں امریکا اور ایران کے تعلقات میں ہونے والی پیش رفت خام تیل کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کا تعین کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔