گھر کی چھت گر گئی ،4افراد زخمی

لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور کے علاقے پٹھانوں کی کالونی، غوثیہ چوک شالیمار روڈ کے قریب ایک گھر کی چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع شام 7 بج کر 37 منٹ پر موصول ہوئی، جس پر اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔متاثرہ گھر کی چھت مٹی اور ٹی آر گارڈر سے تعمیر کی گئی تھی۔ زخمی ہونے والوں میں 3 سالہ رجب، 35 سالہ زینب، 35 سالہ شاہد اور 20 سالہ مجاہد شامل ہیں۔ دو زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ دو افراد کو مزید علاج کے لیے کوٹ خواجہ سعید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ریسکیو حکام کے مطابق امدادی آپریشن میں پانچ ایمرجنسی گاڑیوں اور 18 ریسکیورز نے حصہ لیا۔ عینی شاہدین اور ریسکیو اہلکاروں کے مطابق ملبے تلے مزید کسی شخص کے دبے ہونے کی اطلاع نہیں ملی، جس کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا۔