آئی جی پنجاب نے شاندار کامیابی پر خاتون افسر کو خراج تحسین پیش کیا
لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے دورانِ سروس پی ایچ ڈی مکمل کرنے والی پنجاب پولیس کی خاتون افسر نے والدین کے ہمراہ سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق، پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں تعینات انٹیلیجنس افسر ڈاکٹر حافظہ فرح اصغر نے مائیکرو بیالوجی اور مالیکیولر جینیٹکس میں پی ایچ ڈی مکمل کی۔ فرح اصغر نے یونیورسٹی آف دی پنجاب سے ڈاکٹریٹ کا اعزاز حاصل کیا۔ آئی جی پنجاب نے تعلیمی میدان میں شاندار کامیابی پر فرح اصغر کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ ایسے قابل افسران پنجاب پولیس کا فخر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب پولیس میں بیشتر اہلکار پی ایچ ڈی، ایم فل اور انجینئرنگ سمیت مختلف مضامین میں اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں۔ ڈاکٹر فرح نے بتایا کہ والدین، سینئرز اور ساتھیوں کے تعاون سے یہ ممکن ہوا۔