ویب ڈیسک: کراچی میں ریسکیو 1122 کے زخمی اہلکار باقر عبداللہ اسپتال میں دوران علاج شہید ہوگئے۔
وہ دو روز قبل سی ویو پر ڈوبنے والی گاڑی نکالنے کے دوران شدید زخمی ہوگئے تھے۔تفصیلات کے مطابق، کار ریکوری آپریشن کے دوران باقر عبداللہ پانی میں ڈوبنے والی گاڑی نکالتے ہوئے شدید زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج شہید ہوگئے۔صوبائی وزیر بحالیات مخدوم محبوب الزمان نے ریسکیو اہلکار کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ:
"38 سالہ باقر عبداللہ کی شہادت کا ہمیں افسوس ہے، ایسے بہادر جوانوں پر ہمیں فخر ہے۔"انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 کا یہ رواں سال دوسرا شہید اہلکار ہے اور حکومت کی جانب سے شہید اہلکار کے اہل خانہ سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔صوبائی وزیر کی ہدایت پر ڈی جی ریسکیو 1122 بریگیڈیئر (ر) واجد صبغت اللہ مہر نے بھی شہید کے اہل خانہ سے رابطہ کر کے تعزیت کی۔