ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کو بہت بُری مار پڑی ہے اور وہ اچھی زبان استعمال نہیں کر رہا۔
انہوں نے واضح کیا کہ امریکا ایران کو کبھی ایٹم بم بنانے کی اجازت نہیں دے گا اور ایران سے کہا جا چکا ہے کہ وہ یورینیم کی افزودگی جاری نہیں رکھ سکتا۔یورپی یونین کے سربراہ سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انہیں اس وقت غزہ کی صورتحال کا مکمل علم نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ:"غزہ میں قحط نہیں ہے لیکن خوراک کی شدید کمی ضرور ہے، امریکا نے اب تک خوراک کی مد میں 60 ملین ڈالر کی امداد فراہم کی ہے لیکن کسی نے امریکا کا شکریہ ادا نہیں کیا۔
"انہوں نے الزام عائد کیا کہ حماس نہ صرف یرغمالیوں کو فوری رہا کرنے سے انکار کر رہی ہے بلکہ غزہ کو بھیجی جانے والی امداد بھی چوری کر رہی ہے۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہوں نے غزہ میں امداد کی فراہمی اور دیگر امور پر اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے بھی بات چیت کی ہے۔ایران کے حوالے سے گفتگو میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ ایران دوبارہ یورینیم کی افزودگی کی کوشش کر رہا ہے، لیکن امریکا کبھی بھی ایران کو اس کی اجازت نہیں دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے خیال میں تھائی لینڈ اور کمبوڈیا جنگ ختم کرنا چاہتے ہیں اور اگر ایسا ہوا تو امریکا ان ممالک کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔