سرگودھا کارڈیالوجی سے ضلع میانوالی کے امراض قلب کے مریض بھی مستفید ہوسکیں گے:مریم نواز

سرگودھا کارڈیالوجی سے ضلع میانوالی کے امراض قلب کے مریض بھی مستفید ہوسکیں گے:مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ سرگودھا کارڈیالوجی سے ضلع میانوالی کے امراض قلب کے مریض بھی مستفید ہو سکیں گے۔

وزیراعلیٰ سے میانوالی کے قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان پر مشتمل وفد نے ملاقات کی، جس میں علی حیدر نور خان، عبید اللہ خان شادخیل، امانت اللہ خان شادخیل، عدیل عبد اللہ خان رخڑی، ملک فیروز جوئیہ اور ملک سجاد خان بھچڑ شامل تھے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبے اور امن و امان پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔وفد نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو اعزازیہ کارڈ برائے امام مسجد دینے پر خراج تحسین پیش کیا اور صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کی تعریف کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار پسماندہ اور چھوٹے اضلاع سے ہر بڑے پراجیکٹ کا آغاز کیا جا رہا ہے اور عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کو دنیا کا سب سے بڑا ویسٹ مینجمنٹ پروگرام بنایا جا رہا ہے۔وفد نے وزیراعلیٰ کو میانوالی میں پہلی پبلک ٹرانسپورٹ الیکٹروبس کے تحفے پر شکریہ ادا کیا۔ اراکین اسمبلی نے کہا کہ میانوالی کے عوام کے لیے الیکٹروبس کسی معجزے سے کم نہیں، جبکہ بیوٹیفکیشن اور ستھرا پنجاب پراجیکٹس نے شہر کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔