بالی ووڈ کے لیجنڈری اور آنجہانی اداکار دھرمیندر کو ان کی شاندار فنی خدمات کے اعتراف میں بھارتی حکومت کی جانب سے بعد از وفات ملک کے دوسرے بڑے سول اعزاز پدم وبھوشن سے نواز دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں بھارتی حکومت نے سال 2026 کے پدم وبھوشن ایوارڈز کا اعلان کیا، جس میں بالی ووڈ کے مشہور “ہی مین” کہلانے والے دھرمیندر کا نام بھی شامل ہے۔دھرمیندر ان چند عظیم اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں جن کی میراث ایوارڈز اور خطابات سے کہیں بلند سمجھی جاتی ہے۔ بھارتی سنیما میں ان کی خدمات کو بے مثال قرار دیا جاتا ہے اور انہیں ایک لازوال آئکن کی حیثیت حاصل ہے۔بھارت کے دوسرے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ پدم وبھوشن کا بعد از وفات اعلان دھرمیندر کے اہلِ خانہ کے لیے خوشی اور غم کے ملے جلے جذبات کا باعث بنا، کیونکہ مداحوں اور قریبی حلقوں کا ماننا ہے کہ وہ اس اعزاز کے حقدار اپنی زندگی ہی میں تھے۔
خیال رہے کہ لیجنڈری اداکار دھرمیندر 24 نومبر 2025 کو انتقال کر گئے تھے۔ ایوارڈ کے اعلان پر جہاں مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا، وہیں کئی افراد نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ یہ اعزاز انہیں ان کی زندگی میں ملتا۔اس موقع پر معروف فلم ساز انیل شرما، جن کے دھرمیندر کے ساتھ قریبی پیشہ ورانہ تعلقات رہے، نے جذباتی ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا کہ دھرمیندر جی کے تمام مداحوں کو ان کے پدم وبھوشن پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔انہوں نے مزید کہا کہ کاش یہ اعزاز انہیں پہلے مل جاتا تاکہ وہ خود اسے وصول کر کے اس لمحے کی خوشی محسوس کر سکتے۔