والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے پرانے علاقوں میں بسنت منانے پر پابندی عائد کر دی
لاہور(زیڈ این این) بسنت کے جشن کے موقع پر اندرون لاہور کے متعدد رہائشیوں کیلئے خوشیاں ماند پڑ گئی ہیں کیونکہ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے شہر کے پرانے علاقوں میں 346 عمارتوں کی چھتوں کو خطرناک قرار دیتے ہوئے بسنت منانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق بسنت کے دوران اندرون لاہور میں درجنوں خستہ و مخدوش عمارتوں کی چھتوں کو خطرناک قرار دیا گیا ہے۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے تاریخی علاقوں بشمول اکبری منڈی، دہلی گیٹ، بھاٹی گیٹ، کشمیری گیٹ اور موچی گیٹ میں موجود عمارتوں کی چھتوں کی نشان دہی کی ہے۔اتھارٹی نے متعلقہ عمارتوں کے مالکان کو نوٹس جاری کر دیے ہیں اور خطرناک قرار دی گئی چھتوں پر بسنت منانے کی سخت پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ساتھ ہی، ان عمارتوں کے باہر نوٹس چسپاں کر دیے گئے ہیں تاکہ عوام کو واضح اطلاع مل سکے۔