یو ای ٹی کے سامنے گرین بیلٹ میں حفاظت کیلئے نصب بیشتر آہنی جنگلے غائب
لاہور( کرائم رپورٹر)علی ٹائون سے ڈیرہ گجراں تک چلنے والی اورنج لائن ٹرین کی حفاظتی تنصیبات چوری ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔یو ای ٹی جی ٹی روڈ کے سامنے گرین بیلٹ میں شہریوں کی حفاظت کے لیے نصب بیشتر آہنی جنگلے غائب ہو گئے۔جنگلے نہ ہونے سے شہری دوبارہ مصروف شاہراہ عبور کرنے لگے، جبکہ پیدل برج کے استعمال کا مقصد بھی متاثر ہو رہا ہے۔پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے چوری شدہ جنگلے دوبارہ نصب کرنے اور تنصیبات کی حفاظت کے لیے نیا میکانزم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔سروے کے مطابق علی ٹائون سے ڈیرہ گجراں تک بچھائی گئی اورنج لائن صرف سفری سہولت کا منصوبہ نہیں، بلکہ اس سے منسلک حفاظتی تنصیبات بھی شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے قائم کی گئی ہیں۔پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مطابق یو ای ٹی کے سامنے غائب ہونے والے حفاظتی جنگلے دوبارہ نصب کیے جائیں گے۔اتھارٹی کا کہنا ہے کہ آئندہ تنصیبات کو محفوظ رکھنے کے لیے باقاعدہ حفاظتی میکانزم بھی تشکیل دیا جائے گا۔