ترکیہ کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر عبدالقادر یورالوغلو پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا۔
وزیر نے خود سوشل میڈیا پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وہ ہائی وے پر تقریباً 225 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلا رہے تھے۔یہ ویڈیو انہوں نے #TurkiyeAccelerates ہیش ٹیگ کے ساتھ جاری کی اور بتایا کہ اس کا مقصد انقرہ – نیغے موٹر وے کے حالات کی جانچ دکھانا تھا۔ تاہم ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ٹریفک پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے یورالوغلو پر 9,267 ترک لیرا کا جرمانہ عائد کردیا۔وزیر نے بعد ازاں سوشل میڈیا پر جرمانے کی تصویر بھی شیئر کی اور عوام سے معذرت کرتے ہوئے کہا:"میں نے اپنی قوم کو خود نشاندہی کی ہے، آئندہ زیادہ احتیاط کروں گا۔"
دلچسپ امر یہ تھا کہ خلاف ورزی کو بے نقاب کرنے والا کوئی اور نہیں بلکہ وزیر خود تھے۔ سوشل میڈیا پر اس اقدام پر تنقید اور طنز کی لہر دوڑ گئی۔ صارفین نے لکھا کہ ایک ایسا وزیر جو ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کا ذمہ دار ہے، خود ہی ان کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پکڑا گیا۔