لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب بھر میں اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز کی مرکز تبدیلی کا عمل تعطل کا شکار، 36 اضلاع میں سالہا سال سے ایک ہی مراکز پر تعیناتی برقرار ،تعلیمی معیار متاثر ہونے لگا۔ ذرائع کے مطابق ایک ہی مرکز میں طویل تعیناتی سے تعلیمی معیار میں بہتری کی بجائے تنزلی دیکھی جا رہی ہے جبکہ بعض مقامات پر سکول سربراہان کو کرپشن اور ملی بھگت جیسے مسائل کا بھی سامنا ہے۔لاہور میں بھی یہی صورتحال برقرار ہے جہاں بعض اے ای اوز گزشتہ دس، دس سال سے ایک ہی مرکز میں فرائض انجام دے رہے ہیں، خاص طور پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کے ایلیمنٹری میل ونگ میں یہ مسئلہ نمایاں ہے۔محکمہ تعلیم کے مطابق اے ای اوز کو پیف اور پیما کی مانیٹرنگ سمیت اضافی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جسکے باعث ان کی مرکز تبدیلی کا عمل روک دیا گیا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ شفافیت اور بہتر کارکردگی کیلئے افسروں کی بروقت روٹیشن ضروری ہے جبکہ محکمہ تعلیم کی جانب سے اس معاملے پر پالیسی فیصلے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔