پاکستان کے گلوکار اور اداکار علی ظفر نے بالی ووڈ سے متعلق ایک یادگار انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں بھارتی سپر اسٹار شاہ رخ خان کی فلم ’’اوم شانتی اوم‘‘ کے مشہور گانے ’’دردِ ڈسکو‘‘ اپنی آواز میں ریکارڈ کرنے کی پیش کش کی گئی تھی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں علی ظفر نے بتایا کہ ان کا گانا ’’سن رے سجنیا‘‘ سننے کے بعد، شاہ رخ خان نے ان کے فن کو سراہا اور خواہش ظاہر کی کہ وہ ’’دردِ ڈسکو‘‘ گائیں۔ یہ پیش کش براہِ راست شاہ رخ خان کی جانب سے آئی تھی، جو علی ظفر کے لئے ایک بڑا اعزاز تھی۔ علی ظفر کے مطابق وہ اس موقع پر بہت پرجوش تھے اور چاہتے تھے کہ اس بڑے پروجیکٹ کا حصہ بنیں، خاص طور پر اس گانے کی وجہ سے جو شاہ رخ خان کے مشہور سکس پیک انداز کے سبب بے حد مقبول ہوا تھا۔
تاہم، انہوں نے بتایا کہ وہ اس وقت بھارت میں موجود نہیں تھے اور شیڈول کے مسائل کے باعث یہ موقع ان کے ہاتھ سے نکل گیا۔ یوں یہ یادگار گانا بالآخر سکھویندر سنگھ کی آواز میں ریکارڈ ہوا۔ واضح رہے کہ ’’دردِ ڈسکو‘‘ 2007 کی سپرہٹ فلم ’اوم شانتی اوم‘ کا حصہ تھی، جس کی موسیقی وشال شیکھر نے ترتیب دی تھی۔ یہ فلم نہ صرف باکس آفس پر کامیاب رہی بلکہ اس کے گانے بھی شائقین میں بے حد مقبول ہوئے۔