ویب ڈیسک:پہلگام حملے کے بعد بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگانے کا سلسلہ جاری ہے، اور اب اس مہم میں بالی ووڈ شخصیات کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔
حال ہی میں بالی ووڈ اداکار سنیل شیٹی کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہوا ہے، جس میں وہ پہلگام حملے کے حوالے سے منعقد ایک تقریب میں بھارتی عوام کو جذباتی انداز میں مخاطب کر رہے ہیں۔ویڈیو میں سنیل شیٹی نے کہا کہ ہمیں دنیا کو بتانا ہے کہ "کشمیر ہمارے دیش کا حصہ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا"۔ انہوں نے بھارتی شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنی چھٹیاں گزارنے کے لئے صرف اور صرف کشمیر جائیں تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ وہ دہشت گردی سے نہیں ڈرتے۔ انہوں نے کہا:"ہمیں ڈرایا نہیں جا سکتا، نہ پہلے کبھی ڈرے تھے نہ اب ڈریں گے۔ ہمیں اپنی یکجہتی دکھانی ہے۔"سنیل شیٹی نے پہلگام حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں خوف، دہشت اور نفرت پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن ہمیں ایک قوم بن کر ان کوششوں کو ناکام بنانا ہے۔ انہوں نے بالی ووڈ انڈسٹری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہماری انڈسٹری کی پہچان ہی یہ ہے کہ ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔
اداکار نے جذباتی انداز میں کہا:"میں خود سے وعدہ کرتا ہوں اور آپ سب سے بھی درخواست کرتا ہوں کہ اس سال چھٹیوں کے لئے صرف کشمیر جائیں۔ ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔ ہماری ثقافت ہے کہ ہم سب کا احترام کرتے ہیں لیکن جب وقت آتا ہے تو ہم مضبوط فیصلے بھی کر سکتے ہیں۔"تقریب کے اختتام پر سنیل شیٹی نے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ اس سال اپنے چھٹیوں کے منصوبے کشمیر میں بنائیں اور دنیا کو یہ دکھائیں کہ بھارت کے لوگ کسی دباؤ یا خوف کے آگے نہیں جھکتے۔یاد رہے کہ بھارتی حکومت اور میڈیا کی جانب سے پہلگام حملے کے فوراً بعد بغیر کسی تحقیق کے پاکستان پر الزامات عائد کئے جا رہے ہیں، جسے پاکستانی حکام نے سختی سے مسترد کرتے ہوئے مستند شواہد پیش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔