پنجاب :انسدادسموگ پلان تیار

 12ڈرون اور 8 ’ای سکواڈز‘ نے کام شروع کر دیا،لائٹ کوڈز کا استعمال کیا جائیگا ،،جدید نظام کے نفاذ کی منظوری
لاہور (کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے ماحولیاتی بہتری کیلئے قائم سموگ سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ، پنجاب کیلئے سموگ مینجمنٹ پلان تیار کرلیا گیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیرصدارت اجلاس نے پنجاب کے پہلے فضائی آلودگی کا معیار بتانے والے جدید نظام کے نفاذ کی منظوری دیدی۔وزیر اعلی ٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سموگ کے خاتمے کیلئے 12ڈرون سکواڈز اور 8 ’ای سکواڈز‘ نے کام شروع کر دیا۔ پنجاب حکومت نے صوبے میں موٹرویز کے اطراف کے تین کلو میٹر علاقے کو سموگ فری رکھنے کی جامع منصوبہ بندی مکمل کرلی،پنجاب میں پہلی بار روشنیوں ’لائٹ کوڈز‘کے استعمال سے سموگ کی نشاندہی کی ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعلی ٰ نے دھان کی فصل کی کٹائی کیلئے کسانوں کو جدید مشینری فراہم کرنے، مجموعی طور پر سپر سیڈرز کی تعداد 5ہزار کر نے کا بھی فیصلہ کر لیاجبکہ کسانوں کیلئے ہارویسٹر پروگرام متعارف کرانے، زرعی مشینری ایک سے دوسرے علاقے میں لیجانے کی سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعلی ٰکے وڑن کے مطابق 31اکتوبر تک پنجاب کے تمام سکولوں میں رنگدار کوڑے دانوں کی تنصیب یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ستمبر سے دسمبر تک کا صوبے کی تاریخ کا پہلا ایئر کوالٹی کیلنڈر بھی تیار کیا گیا جس کی اجلاس نے منظوری دیدی۔صوبائی وزارتوں کے سیکریٹریز اور محکموں کے سربراہان نے سموگ سے متعلق اقدامات اور پلان پر بریفنگز دیں۔ اجلاس کو بریفنگ میں ماحولیاتی آلودگی کی نگرانی کیلئے 38 ایئر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹمز نے کام شروع کردیا۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ہدایت کی کہ ایئرکوالٹی مانیٹرز کی تعداد38 سے بڑھا کر 41کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے شہریوں کی معلومات کیلئے ایئر کوالٹی مانیٹرنگ رپورٹ ہر 8گھنٹے بعدجاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ سموگ پرقابو پانے کیلئے تمام محکمے شجر کاری کے اہداف مکمل کریں،خراب انجن اور مقدار سے زائد دھواں دینے والی گاڑیاں سڑک پر نہ آئیں، محکمہ ٹرانسپورٹ کو گاڑیوں کی فٹنس یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ،مسلسل تین بار جرمانے کے باوجودانجن ٹھیک نہ کرانے والوں کی گاڑی بند کردی جائے گی، اجلاس میں پی ایچ اے کو لاہور میں شجر کاری اور صاف فضا کی فراہمی کے ’ لنگز آف لاہور‘ اور’ لاہور رنگ ‘پراجیکٹس بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ، اجلاس کو بریفنگ دی گئی گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کی ’لینڈ فل سائٹس‘ کے منصوبوں پر 5ارب روپے خرچ ہوں گے۔اجلاس میں صوبائی وزرا مجتبیٰ شجاع الرحمن، خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، سید عاشق حسین کرمانی، ملک صہیب احمد بھرت بھی شریک تھے۔