لیبارٹری میں تجربات مکمل، سب سے پہلے جوہر ٹائون میں 12 ہزار سمارٹ واٹر میٹرز لگائے جائیں گے
لاہور (کرائم رپورٹر)واسا لاہور نے جدید ٹیکنالوجی کے تحت سمارٹ واٹر میٹرنگ کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ادارے نے لیبارٹری میں میٹرز کے کامیاب تجربات مکمل کر لیے ہیں اور اب ابتدائی تنصیب کا مرحلہ قریب ہے۔پائلٹ پراجیکٹ کے تحت سب سے پہلے جوہر ٹائون میں بارہ ہزار سمارٹ واٹر میٹرز لگائے جائیں گے۔ حکام کے مطابق اس مرحلے کی تکمیل کے بعد پورے لاہور کے سات لاکھ واٹر کنکشنز پر یہی نظام نافذ کیا جائے گا۔ان سمارٹ واٹر میٹرز کے ذریعے شہریوں کے پانی کے استعمال کی درست مانیٹرنگ ممکن ہو سکے گی۔ جدید ٹیکنالوجی پانی کی لیکیج پر قابو پانے اور ضیاع روکنے میں معاون ہو گی۔ صارفین کو تقریباً حقیقی وقت کا ڈیٹا دستیاب ہوگا جس سے پانی کے بلوں میں شفافیت اور ممکنہ کمی متوقع ہے۔برطانیہ کے بعد لاہور پہلا بڑا شہر ہے جہاں پانی کی فراہمی میں سمارٹ سینسرز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق اس سسٹم سے سیلاب سے بچائو، ایمرجنسی ریسپانس اور مرمت کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئے گی، جبکہ آپریشنل اخراجات گھٹنے سے سروس ڈلیوری میں بہتری متوقع ہے۔