جے یو آئی کا فرخ کھوکھر کی گرفتاری پر شدید ردعمل، افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

جے یو آئی کا فرخ کھوکھر کی گرفتاری پر شدید ردعمل، افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

جے یو آئی سیکریٹری جنرل اور رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفورحیدری نے جے یو آئی کے رہنما فرخ کھوکھر کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔

مرکزی میڈیا سیل جمعیت علما اسلام پاکستان کی جانب سے جاری ایک بیان میں، مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ اپنی ناکامی اور نااہلی کو چھپانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرخ کھوکھر پاکستان کے وفادار شہری ہیں اور ہمیشہ قومی سلامتی اور عوام کے مفادات کا خیال رکھتے ہیں، اور ان کی گرفتاری کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔مولانا حیدری نے اس واقعہ پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تلاشی کے نام پر جے یو آئی کے پرچم اتارنے اور تضحیک آمیز رویہ اپنانا قابل افسوس ہے۔

 انہوں نے اس رویہ کی بھرپور مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت اس واقعہ کا فوری نوٹس لے اور متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کرے تاکہ آئندہ کے لیے ایسا رویہ روکا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدامات ناانصافی، جبر اور انتقام کے زمرے میں آتے ہیں، اور ہمیں یقین ہے کہ ملک میں انصاف کا نظام فوری اور منصفانہ کارروائی کرے گا۔ مولانا عبدالغفورحیدری نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ایسے حالات میں اتحاد اور صبر کا مظاہرہ کریں اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا رویہ بدلتے ہوئے عوام کے حقوق کا احترام کرے۔