شاہراہوں پر بار بار وی آئی پی روٹس لگنے سے ، سکول وینز اور ایمبولینسز ، دفاتر جانے والے متاثر ہوتے ہیں
بار بار روٹس اور غیر ضروری وی آئی پی موومنٹس ختم کی جائیں، ٹریفک پولیس نے سفارشات پیش کردیں
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور کی شاہراہوں پر بار بار وی آئی پی روٹس لگنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ دفاتر جانے والے افراد، سکول وینز اور ایمبولینسز سب سے زیادہ متاثر ہوتی ہیں۔ذرائع کے مطابق شہر میں روزانہ 30 سے زائد وی آئی پی موومنٹس کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔اس حوالے سے ٹریفک پولیس لاہور نے پنجاب حکومت کو پالیسی میں نظرثانی سے متعلق سفارشات پیش کر دی ہیں، جن میں بار بار روٹس اور غیر ضروری وی آئی پی موومنٹس ختم کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔ سفارشات کے مطابق زیرو اور گرین روٹ صرف مجاز افراد تک محدود کیے جائیں گے جبکہ غیر مجاز افراد کو زیرو یا گرین روٹ دینے پر مکمل پابندی عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔اس کے علاوہ روٹ استعمال کرنے والے افراد کو پیشگی اطلاع جاری کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے، تاکہ شہریوں کو متبادل راستوں کا انتخاب کرنے میں آسانی ہو۔ ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس نے بریفنگ میں کہا کہ غیر ضروری وی آئی پی ترجیحات ختم کی جائیں تو شہر کے ٹریفک دباو ¿ میں نمایاں کمی آئے گی۔