پیدل پل نہ ہونے سے شہریوں کو مشکلات

 سنٹر پوائنٹ، جیل روڈ، پائن ایونیو اور فیروز پور روڈ جیسے مصروف ترین راستوں پر پیڈیسٹرین پل نہ ہونے کی وجہ سے حادثات کا خطرہ بڑھ گیا
 لاہور ( کرائم رپورٹر)شہر کی اہم شاہراہوں پر پیڈیسٹرین پل اور واک ویز نہ ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نظریہ پاکستان روڈ، خیابان جناح اور خیابان فردوسی جیسے سگنل فری کوریڈورز پر پیڈیسٹرین برج تعمیر نہیں کیے گئے، جبکہ مولانا شوکت علی روڈ، کینال روڈ، سرکلر روڈ اور سنٹر پوائنٹ سے والٹن روڈ تک کے منصوبے بھی واک وے اور پیدل چلنے والوں کے لیے کسی سہولت سے محروم ہیں۔ ایل ڈی اے کی جانب سے ان منصوبوں کو سکوپ کے مطابق مکمل نہ کیے جانے کے باعث پیڈیسٹرین زون کے لیے مختص فنڈز بھی سرنڈر ہونے لگے۔سڑکوں پر سگنلز ختم ہونے کے بعد پیدل چلنے والوں کے لیے سڑک عبور کرنا ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ سنٹر پوائنٹ، جیل روڈ، پائن ایونیو اور فیروز پور روڈ جیسے مصروف ترین راستوں پر پیڈیسٹرین پل نہ ہونے کی وجہ سے حادثات کا خطرہ بڑھ گیا۔سی بی ڈی پنجاب سمیت دیگر اداروں نے بھی پیڈیسٹرین برج تعمیر نہیں کیے، جس کی وجہ سے لاہور کے سگنل فری کوریڈورز پیدل چلنے والوں کے لیے کسی امتحان سے کم نہیں۔ ٹریفک انجینئرنگ اور انفورسمنٹ کے فقدان کے باعث سگنل فری ہونے کے باوجود ان شاہراہوں پر اکثر ٹریفک جام رہتی ہے،سگنل فری سڑکیں شہریوں کی سہولت کے لیے بنائی جاتی ہیں، مگر جب ان منصوبوں میں بنیادی سہولیات شامل نہیں کی جاتیں تو عوام کے لیے مزید مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔