حافظ نعیم اپنی ویب ایپلی کیشن سے پانچ سوسے ایک ہزار ڈالر کمانے لگا،ندا کے پاس لاکھوں کا پراجیکٹ موجود
کراچی (آئی این پی )گورنر ہائوس کراچی میں مفت آئی ٹی کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات نے اپنی ویب ایپلی کیشن بنا کر ڈالرز کمانا شروع کر دئیے۔ تفصیل کے مطابق گورنر ہائوس میں مفت آئی ٹی کی تعلیم دینے کا مقصد شرمندہ تعبیر ہونے لگا۔ یہاں سے تربیت حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات نے 8ماہ کے قلیل عرصے میں اپنی ویب ایپلی کیشن بنا کر ڈالرز کمانا شروع کر دئیے ہیں۔ایسے ہی نوجوانوں میں شامل ہیں کراچی کے حافظ نعیم الدین جنہوں نے گورنر ہائوس کراچی سے مفت آئی ٹی کی تربیت حاصل کی اور پھر اپنی ویب ایپلی کیشن بنا ڈالی۔ جس کے بعد اب وہ 500 سے ایک ہزار ڈالر کما رہے ہیں اور جلد سافٹ ویئر ہاوس کھولنے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔ نعیم الدین کا کہنا ہے کہ کراچی میں ڈگریاں لے کر بے روزگار پھرنے والوں کو گورنر سندھ نے روزگار فراہم کیا۔صرف لڑکے ہی نہین لڑکیاں بھی اس میدان میں کامیابی حاصل کر رہی ہیں۔ ان میں ندا رضوان شامل ہیں جو ایک گھریلو خاتون ہیں اور جب وہ گورنر انیشیٹیو کا حصہ بنیں تو انہیں علم نہیں تھا کہ 8ماہ بعد ان کے پاس ایک لاکھ 400ڈالر کا پراجیکٹ موجود ہوگا۔