پاکستان نے اپنے سائبر اثاثے محفوظ رکھے، دشمن پر بھی سائبر حملے کئے: چیئرمین کمیٹی امین الحق
بلوچستان میں دہشت گرد رابطوں کیلئے جدید وائرلیس استعمال کر رہے ہیں:سیکرٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام
اسلام آباد (آئی این پی )قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام میں انکشاف ہو اہے حالیہ بھارت سے جنگ کے دوران پاکستان پر سائبر حملے کیے گئے، پاکستان کی سائبر سیکورٹی ٹیم نے تمام سائبر حملے ناکام بنائے۔قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کا اجلاس پیر کو چیئرمین کمیٹی امین الحق کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں پاک بھارت جنگ کے دوران سائبر سیکورٹی ٹیم کی کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔پنجگور میں انٹرنیٹ کی بندش کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ چیئرمین کمیٹی امین الحق نے آگاہ کیا کہ 5 سے دس مئی کے دوران پاکستان پر سائبر حملے کیے گئے، پاکستان کی سائبر سیکورٹی ٹیم نے سائبر حملے ناکام بنائے، پاکستان کی سائبر سیکورٹی ٹیم، نیشنل سرٹ خراج تحسین کی مستحق ہے، پاکستان نے اپنے سائبر اثاثے محفوظ رکھے، اور ہم نے دشمن پر بھی سائبر حملے کیے۔اجلاس میں وزارت داخلہ کے حکام نے پنجگور میں انٹرنیٹ سروس کی بندش پر قائمہ کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا کہ 22 مارچ کو خط لکھا کہ ہمیں سیکیورٹی کلیئرنس دی جائے، سیکیورٹی ایجنسیوں نے اگلے 6 ماہ تک کی کلیئرنس نہیں دی، بتایا گیا کہ سیکیورٹی وجوہات پر انٹرنیٹ ڈیٹا بند رہے گا‘ اجلاس میں شریک سیکریٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے کہا بلوچستان میں دہشت گرد کمیونیکیشن کے لیے جدید وائرلیس استعمال کررہے ہیں، اور انٹرنیٹ بھی استعمال کرتے ہیں، ہمیں سیکیورٹی ایجنسیوں سے اطلاعات ملتی ہیں۔