شہر میں رات گئے ہونے والی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور فضا میں واضح خنکی محسوس کی جا رہی ہے۔
صبح کا آغاز سورج کی چمکتی کرنوں کے ساتھ ہوا جس سے موسم معتدل اور خوشگوار نظر آیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 57 فیصد ہے جس کے باعث ہلکی حبس محسوس کی جا سکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق اس وقت 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جو موسم کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔تاہم 28 سے 30 مارچ کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ آئندہ ہفتے میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ صبح کے وقت درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن میں یہ 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی اور ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد سے زائد رہنے کا امکان ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان نہیں۔کشمیر اور خیبر پختونخوا میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان کے چند اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ادھر کراچی میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ دن کے اوقات میں تیز دھوپ کے باعث موسم گرم رہے گا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد ہے اور مغربی سمت سے 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بارش کا امکان نہیں تاہم 28 اور 29 مارچ کو بارش کے نئے سلسلے کے شہر پر اثر انداز ہونے کا امکان ہے۔ شہر کا فضائی معیار تسلی بخش قرار دیا گیا ہے۔