موضع نوری والا میں دوست لڑپڑے،55سالہ مصطفی دم توڑگیا،ورثا نے ملزموں کے گھروں کو آگ لگا دی
قصور (خصوصی رپورٹ) گنڈاسنگھ والا کے نواحی نوری والا میں معمولی جھگڑے پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے۔ مقتول اور زخمیوں کے ورثاء نے ملزموں کے گھروں کو آگ لگا دی، جس کے باعث کار، ٹریکٹر اور موٹرسائیکل بھی جل گئے۔ پولیس نے واقعے کے بعد 7 افراد کو حراست میں لے لیا۔ریسکیو 1122 کو موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق نوری والا گا ئوں میں کچھ دوست اکٹھے بیٹھے تھے کہ اچانک آپس میں جھگڑا شروع ہوا اور فائرنگ کی گئی۔ نتیجے میں 55 سالہ مصطفی موقع پر جاں بحق ہوگئے، جبکہ 22 سالہ سلمان، 25 سالہ زین العابدین، 23 سالہ احمد مرتضیٰ، 18 سالہ رحمان، 35 سالہ سلامت علی اور 18 سالہ عبد اللہ زخمی ہو گئے۔ریسکیو 1122 اور پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی کی وجہ سے آگ پر قابو پا لیا گیا اور مزید نقصان سے بچا ئو ممکن ہوا۔