آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس ٹیرف میں 500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم فروری 2025 سے ہوگا، جس کے تحت کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس کی قیمت 3,000 روپے سے بڑھا کر 3,500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کر دی گئی ہے۔اوگرا نے واضح کیا کہ اس فیصلے کا اثر صرف کیپٹو پاور پلانٹس پر ہوگا اور کمرشل تندور، گھریلو صارفین، سی این جی اسٹیشنز، فرٹیلائزرز، پاور اور سیمنٹ سیکٹر پر گیس کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ یہ فیصلہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی منظوری کے بعد کیا گیا، جس نے صنعتی شعبے کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا تھا تاکہ گیس شعبے کے لیے مطلوبہ آمدنی حاصل کی جا سکے۔ کمیٹی نے گھریلو صارفین پر اضافی مالی بوجھ سے بچنے کے لیے گیس کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔