جعلی اکائونٹس کیس، صدرزرداری کیخلاف حتمی چالان منظور

 حسین لوائی اورانور مجید سمیت 20 ملزموں کے نام حتمی چالان میں شامل 
کراچی (خصوصی رپورٹ)جعلی بینک اکائونٹس کیس میں ایف آئی اے نے فریال تالپور سمیت 14 افراد کے نام ملزموں کی فہرست سے نکال دیئے۔ بینکنگ عدالت نے صدر مملکت آصف علی زرداری سمیت 20 ملزموں کے خلاف حتمی چالان منظور کرلیا۔ بینکنگ عدالت کراچی میں ایف آئی اے نے جعلی بینک اکائونٹس اور منی لانڈرنگ کیس کا حتمی چالان پیش کیا۔ چالان میں مختلف وجوہات کی بنیاد پر 14 افراد کے نام ملزموں کی فہرست سے خارج کردیئے گئے۔ ملزموں کی فہرست سے خارج کئے جانے والوں میں فریال تالپور، بلال شیخ، محمد اقبال آرائیں، محمد اشرف، عدنان جاوید، قاسم علی، شہزاد علی جتوئی، شیر محمد مغیری، محمد اقبال خان نوری، اسلم مسعود، نصیر عبداللہ، نورین سلطان، کرن امان، سید حسین فیصل شاہ جاموٹ شامل ہیں۔ ایف آئی اے نے چالان میں کہا کہ فریال تالپور نے ایف آئی اے سے درخواست کی تھی کہ انہیں شفاف تحقیقات کا موقع نہیں فراہم کیا گیا۔ فریال تالپور نے اومنی گروپ کی شوگر مل کے سرٹیفکیٹ پیش کئے۔ فریال تالپور نے بتایا کہ حاصل کردہ رقم خاندانی زمین پر کاشت کئے جانے والے گنے کی فروخت سے حاصل ہوئی۔ چالان میں مزید کہا گیا ہے کہ بظاہر دستاویز سے معلوم ہوا کہ حاصل کردہ رقم کاروباری ٹرانزیکشن تھی، کسی بھی گواہ نے فریال تالپور کے خلاف گواہی نہیں دی۔ ملزموں کے خلاف ٹھوس ثبوت نہیں ملے۔ ایف آئی اے نے مقدمے میں صدر مملکت آصف علی زرداری، حسین لوائی اور انور مجید سمیت 20 ملزموں کے نام شامل رکھے ہیں۔ چالان میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی صدارتی استثنیٰ کی درخواست زیر سماعت ہے۔ عدالت نے مقدمے کا حتمی چالان منظور کرلیا ہے۔