قبرستان سے درختوں کی چوری کا انکشاف

فیکٹری ایریا میں قبرستان سے درخت کاٹنے سے متعدد قبروں کو بھی نقصان پہنچا، مقدمہ درج ، ملزم گرفتار 
لاہور(کرائم رپورٹر)فیکٹری ایریا کے ایک قبرستان سے لاکھوں روپے مالیت کے درخت کاٹنے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے باعث متعدد قبروں کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعے پر شہری رحمت اللہ کی درخواست پر تھانہ فیکٹری ایریا میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان اقبال عرف بالی اور جان محمد عرف جانو کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ ان کے دیگر نامعلوم ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ ملزمان نے مبینہ طور پر اپنے ساتھیوں کی مدد سے قبرستان میں لگائے گئے ماحول دوست اور قیمتی درخت کاٹ کر چوری کیے۔مدعی رحمت اللہ کا مؤقف ہے کہ یہ درخت قبروں پر سایہ فراہم کرنے کے لیے لگائے گئے تھے، جن کی کٹائی سے نہ صرف مالی نقصان ہوا بلکہ متعدد قبریں بھی مسمار ہو گئیں۔ درخواست گزار نے ملزمان پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کا الزام بھی عائد کیا ہے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور تفتیش کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں