جرم سرزد ہونے کی صورت میں سرویلنس ڈرون 5 منٹ میں جائے وقوعہ پر پہنچ جائے گا
لاہور(کرائم رپورٹر)آرگنائزڈ کرائم میں کمی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے وزیراعلیٰ نے منظم جرائم پر قابو پانے کیلئے پنجاب کا پہلاکرائم کنڑول ڈیپارٹمنٹ قائم کردیا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے منظوری دے دی۔آرگنائزڈ جرائم میں کمی کیلئے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ جدید ٹیکنالوجی استعمال کرے گا،وزیراعلیٰ کے حکم پرسی سی ڈی کو ڈرون سرویلنس ٹیکنالوجی مہیا کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔جرم سرزد ہونے کی صورت میں سرویلنس ڈرون 5 منٹ میں جائے وقوعہ پر پہنچ جائے گا،قتل اور زیادتی کے مجرم تک پہنچنے کیلئے سی سی ڈی فوری طور پر حرکت میں آئے گا،سی سی ڈی شوٹر مافیا پر قابوپانے کے لئے فوری اقدام کرے گا،سی سی ڈی آرگنائزڈ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی عمل میں لائے گا،گینگسٹر ریکٹ اور مافیازپر قابو کے لئے سی سی ڈی سرگرم عمل ہوگا،ڈکیتی،راہزنی،زیادتی،قتل،چوری،لینڈمافیاکے خلاف فوری کارروائی ہوگی،سی سی ڈی پنجاب بھر میں جرائم اور مجرموں سے متعلق ڈیٹا مینجمنٹ کا ذمہ دار بھی ہوگا۔وزیراعلیٰ مریم نوازنے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ میں تعیناتیوں کی منظوری دے دی۔ ایڈیشنل انسپکٹرجنر ل کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ہونگے،3ڈی آئی جی، ایس ایس پی، ایس پی اور ہر ضلع میں ڈی ایس پی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ مجموعی طور پر 4258 افسروں اور اہلکاروں پر مشتمل ہوگا،پنجاب پولیس سے 2258 افسر اور اہلکار فوری طور پر سی سی ڈی ٹرانسفرکردیے گئے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے سی سی ڈی کیلئے بلڈنگز، گاڑیوں اور جدید آلات کی منظوری بھی دے دی۔وزیراعلیٰ نے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے لئے فوری قانون سازی کا حکم دے دیا ، وزیراعلیٰ نے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو درکار وسائل مہیا کرنے کی ہدایت کردی ، وزیراعلیٰ مریم نواز نے سی سی ڈی کے قیام کے لئے فوری اقدامات کرنے کا حکم دے دیا۔