بھارت کے پنجاب صوبے کے ضلع فتح گڑھ صاحب کے گاؤں جکھوالی میں 75 سالہ سکھ خاتون بی بی راجندر کور نے مسلمان ہمسایوں کی سہولت کے لیے اپنی زمین مسجد کی تعمیر کے لیے عطیہ کر دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گاؤں میں پہلے سے گوردوارہ اور مندر موجود تھے، لیکن مسلمانوں کو نماز کے لیے قریبی گاؤں جانا پڑتا تھا، جس کی وجہ سے بزرگ افراد اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا تھا۔بی بی راجندر کور نے کہا کہ مسلم ہمسایوں کی یہ مشکل دیکھ کر تقریباً 5 مرلے زمین مسجد کے لیے دینے کا فیصلہ کیا۔ زمین قانونی طور پر مسلم کمیٹی کے نام منتقل کر دی گئی۔ گاؤں کے پنچ اور خاندان کے ایک رکن مونو سنگھ نے بتایا کہ سرکاری زمین مذہبی مقصد کے لیے نہیں دی جا سکتی تھی، اس لیے ذاتی زمین عطیہ کی گئی۔
مسجد کمیٹی کے صدر کالا خان نے اس اقدام پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ مختلف برادریوں کے درمیان تعلقات مثالی ہیں اور امید ہے کہ فروری تک مسجد کی تعمیر مکمل ہو جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک ساڑھے 3 لاکھ بھارتی روپے چندہ کے طور پر جمع ہوچکے ہیں، جس میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے حصہ لیا۔