"دہی رانی پروگرام" میں قیدیوں کی بیٹیوں کو شامل کرنے کا فیصلہ

لاہور: محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال نے اپنے معروف دہی رانی پروگرام کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے قیدیوں کی بیٹیوں کو بھی پروگرام میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ انہیں مالی اور سماجی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق پروگرام میں شمولیت کے لیے حکمت عملی پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ سیکرٹری سماجی بہبود جاوید اختر جیل حکام سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ قیدیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے خاندانوں کے مسائل پر تفصیلی غور کیا جا سکے۔

پروگرام کے اہم اقدامات میں شامل ہیں:

قیدیوں کی بیٹیوں کا ریکارڈ مرتب کرنا
قیدی بیٹیوں کی شادی کے لیے درخواستیں دینا
ڈویژنل جیل حکام کی جانب سے درخواستوں کی تصدیق اور سوشل ویلفیئر کو ارسال
جیلوں سے موصول درخواستوں کی ایس او پیز کے مطابق چھانٹی
اہل قیدی بیٹیوں کو پروگرام میں شامل کرنا
پروگرام کے تحت اجتماعی شادیوں کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی
یہ اقدام قیدیوں کے خاندانوں کے لیے ایک اہم سماجی ریلیف کا ذریعہ بنے گا اور مالی مشکلات کم کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔