اسلام آباد(آئی این پی )اسلام آباد ہائیکورٹ نے صحافی ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔جسٹس انعام امین منہاس نے صحافی حامد میر اور شہید ارشد شریف کی اہلیہ جویریہ صدیق کی دائر کردہ درخواستوں پر سماعت کی، سماعت کے دوران حامد میر کے وکیل بیرسٹر شعیب رزاق نے دلائل دیئے۔وکیل شعیب رزاق نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ برس 27 اگست کو جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا لیکن ابھی تک کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی، ہم یہ جاننا چاہتے ہیں کہ کن حالات میں ایف آئی آر درج ہوئی، کن حالات میں ارشد شریف نے پاکستان چھوڑا اور بعد ازاں ان کا قتل کیسے ہوا؟۔نہوں نے کہا کہ ارشد شریف کے خلاف 16 ایف آئی آرز درج ہوئیں، انہوں نے اپنے دوستوں کو پاکستان واپسی کا پیغام بھیجا جس کے بعد ان کو قتل کر دیا گیا، ہم صرف جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ سچ سامنے آ سکے اور کمیشن کو کینیا بھیجا جائے۔