پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فٹنس اور ہیلتھ جم کے اوقات کار میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (Twitter) پر پیغام جاری کرتے ہوئے انہوں نے درخواست کی کہ جم اور فٹنس مراکز کے اوقاتِ کار میں ایک گھنٹے کا اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے مریم نواز کے نام اپنے پیغام میں لکھا کہ کاروبار کے لیے اوقاتِ کار کا تعین اچھی بات ہے، لیکن صحت اور فٹنس کے حوالے سے اوقاتِ کار خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ شعیب ملک نے کہا کہ بہت سے دفتری ملازمین، جو دن بھر کام کرتے ہیں، صرف ڈیوٹی کے بعد ہی جم کا رخ کرتے ہیں، اس لیے اوقاتِ کار کو رات 10 بجے تک بڑھایا جائے تاکہ لوگ صحت مند رہ سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت بھی خوراک کی طرح بنیادی اہمیت رکھتی ہے، اور ہمیں فٹ رہنے کے لیے مناسب سہولیات فراہم کرنا چاہیئیں۔