اوور ٹیکنگ کے دوران حادثہ، وارڈن غلام حسین ہسپتال میں دم توڑ گئے ،20افراد ہسپتالوں میں زیر علاج
لاہور (کرائم رپورٹر) شاہدرہ ٹائون کے علاقے کالا خطائی روڈ پر کوسٹر حادثے کے نتیجے میں سینئر ٹریفک وارڈن غلام حسین جاں بحق جبکہ 20 افراد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ریسکیو ذرائع کے مطابق مزدہ کوسٹر بس اوورٹیکنگ کے دوران بے قابو ہو کر دیوار سے ٹکرا گئی جس پر امدادی ٹیمیں فوری موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ دوران علاج ٹریفک وارڈن غلام حسین جانبر نہ ہو سکے، وہ نارنگ منڈی کے رہائشی اور ٹریفک سیکٹر میکلوڈ روڈ میں تعینات تھے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی میو ہسپتال پہنچے اور اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے ویلفیئر اقدامات کی ہدایت جاری کی، انہوں نے کہا کہ محکمہ اپنے اہلکاروں کے دکھ میں برابر کا شریک ہے۔ نارنگ منڈی کے رہائشی سینئر ٹریفک وارڈن غلام حسین جو ٹریفک سیکٹر میکلوڈ روڈ میں تعینات تھے دوران ڈیوٹی ایک افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہوگئے، تفصیلات کے مطابق وہ کوسٹر بس کے ذریعے ڈیوٹی پر جا رہے تھے کہ کالا خطائی روڈ پر اوورٹیکنگ کے دوران گاڑی الٹ گئی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے اور انہیں فوری طور پر میو ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔ اطلاع ملتے ہی سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی ہسپتال پہنچے اور اہلخانہ سے ملاقات کر کے تعزیت کی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی، انہوں نے ویلفیئر ٹیم کو فوری اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ اپنے اہلکاروں کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں کھڑا ہے، مرحوم کی وفات پر ٹریفک پولیس میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔