اسلام آباد(آ ئی این پی)پاکستان سمیت دنیا بھر میں گرافک ڈیزائن کا عالمی دن(آج) 27اپریل پیر کو منایا جائے گا اس دن کے منانے کا مقصد بصری مواصلات (Visual Communication) کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور ان ڈیزائنرز کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے جو اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے پیچیدہ معلومات کو سادہ اور دلکش بنا کر عوام تک پہنچاتے ہیںاس دن کی مناسبت سے مختلف شہروں میں سیمینار زاور ورکشاپس کا انعقاد کیا جا ئے گا جہاں ڈیزائن کے طالب علم اور پیشہ ور افراد اپنے تجربات کے متعلق تبادلہ خیال کریں گے۔یہ دن ہر سال 27 اپریل کو انٹرنیشنل کونسل آف ڈیزائن کے قیام کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ اس دن کا مقصد دنیا کو یہ باور کرانا ہے کہ ڈیزائن صرف خوبصورتی کا نام نہیںبلکہ یہ مسائل کے حل اور سماجی تبدیلی کا ایک طاقتور ذریعہ ہے۔پاکستان میں بھی گرافک ڈیزائننگ کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ ڈیجیٹل میڈیا کے عروج کے ساتھ ہی ہزاروں پاکستانی نوجوان عالمی سطح پر اپنی خدمات فراہم کر کے ملک کے لیے کثیر زرمبادلہ کما رہے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کے اس دور میں ڈیزائنرز کو اپنی مہارتوں کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے۔ ڈیزائن محض ایک سافٹ ویئر چلانے کا نام نہیں بلکہ یہ سوچنے، سمجھنے اور محسوس کرنے کا عمل ہے۔