صدرپی ایف ایف کی فٹبال ڈویلپمنٹ منصوبوں کے بارے بریفنگ
اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)فیفا صدر جیانی انفینٹینو نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی کے فٹبال کی ترقی کے ویژن اور منصوبوں کیلئے فیفا کی بھرپور حمایت کا اعلان کردیا۔فیفا صدر جیانی انفینٹینو اور پی ایف ایف صدر سید محسن گیلانی کے درمیان اہم ملاقات نیویارک میں ہوئی جس میں پاکستان میں فٹبال کے فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کیلئے مواقع بڑھانے اور فیفا و پی ایف ایف کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔جیانی انفینٹینو نے پاکستان فٹبال کیلئے محسن گیلانی کے ویژن کو متاثر کن قرار دیتے ہوئے پی ایف ایف کے جاری فٹبال ڈویلپمنٹ منصوبوں کے بارے میں بریفنگ لی۔فیفا صدر نے نوجوانوں کو فٹبال سے جوڑنے اور انہیں اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے مزید مواقع فراہم کرنے کیلئے محسن گیلانی کے منصوبوں کی حمایت جاے گی۔پی ایف ایف صدر سید محسن گیلانی نے فیفا صدر کی حمایت اور اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فیفا کی معاونت پاکستان میں فٹبال کے فروغ کیلئے پی ایف ایف کی کوششوں کو مزید تقویت دے گی۔محسن گیلانی نے کہا کہ ان کا مقصد پاکستان میں مضبوط، جامع اور پائیدار فٹبال کا نظام قائم کرنا ہے، جس میں گراس روٹ فٹبال، نوجوانوں کی ترقی، ٹیلنٹ ہنٹ اور بین الاقوامی مواقع کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو کھیلنے، سیکھنے اور عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ پلیٹ فارم فراہم کئے جائیں گے۔جیانی انفینٹینو نے جاری فیفا آسیان کپ 2026 میں پاکستان کی شرکت اور آئندہ فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026 کیلئے بھی پی ایف ایف ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔