لاہور کے علاقے ڈیفنس میں خود کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کا انسپکٹر ظاہر کرکے لڑکی کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، تاہم نامزد ملزم تاحال پولیس کی گرفت میں نہیں آسکا۔
مقدمے کے متن کے مطابق متاثرہ لڑکی آن لائن کپڑوں کا کاروبار کرتی ہے۔ الزام ہے کہ ملزم حسام نے خریداری کے بہانے اس سے رابطہ کیا اور بعد ازاں دوستی کرلی۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے خود کو ایف آئی اے کا انسپکٹر ظاہر کیا، جبکہ وہ مبینہ طور پر پارٹ ٹائم آن لائن کپڑوں کا کاروبار بھی کرتا تھا۔
ملاقات کے بہانے ڈیفنس بلانے کا الزام
درج مقدمے کے مطابق ملزم نے لڑکی کو ملاقات کے بہانے لاہور کے علاقے ڈیفنس میں بلایا، جہاں اسے مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ایف آئی آر میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ ملزم نے متاثرہ لڑکی کو واقعے کے بارے میں کسی کو بتانے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
مقدمہ درج، ملزم کی تلاش جاری
پولیس نے متاثرہ لڑکی کی شکایت پر واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ تاہم نامزد ملزم حسام تاحال گرفتار نہیں ہوسکا۔