سبی میں تصادم سے ایک شخص جاں بحق، کوئٹہ میں فائرنگ سے 3 افراد قتل، 7 زخمی

سبی میں تصادم سے ایک شخص جاں بحق، کوئٹہ میں فائرنگ سے 3 افراد قتل، 7 زخمی

کوئٹہ: بلوچستان کے شہر کوئٹہ اور سبی میں فائرنگ اور تصادم کے دو الگ الگ واقعات میں مجموعی طور پر 4 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔

 پولیس نے دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

سبی: دو گروپوں میں تصادم، ایک شخص جاں بحق
تفصیلات کے مطابق سبی کے علاقے لونی روڈ پر براہمانی ڈومکی برادری کے دو گروپوں کے درمیان لڑائی کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوگئے۔واقعے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت طالب حسین ولد بشام کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں میں مختیار احمد ولد عادل، شبیر احمد ولد رحمت خان، ندیم ولد علی محمد، نادر علی ولد بھاول، مراد بخش ولد محمد خان اور بشام ولد محمد خان شامل ہیں۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے زخمیوں اور جاں بحق شخص کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس کے مطابق واقعے سے متعلق مزید کارروائی جاری ہے۔

کوئٹہ: سبزال روڈ پر فائرنگ، 3 افراد جاں بحق
دوسرا واقعہ کوئٹہ کے علاقے سبزال روڈ پر پوڈ گلی چوک کے قریب پیش آیا، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق واقعہ مبینہ طور پر مالی تنازع کے باعث پیش آیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ہاشم نامی شخص نے مبینہ طور پر دوسرے گروپ پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں منظور ولد محمد صدیق، باسط ولد محمد صادق اور محمد صادق ولد محمد صدیق جاں بحق ہوگئے، جبکہ حسیب ولد محمد صادق زخمی ہوا۔

لاشیں اور زخمی مختلف اسپتالوں میں منتقل
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے دو افراد کی لاشیں بولان میڈیکل کمپلیکس (بی ایم سی) اسپتال منتقل کی گئیں، جبکہ ایک لاش اور زخمی کو سول اسپتال کوئٹہ پہنچایا گیا۔حکام کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے چاروں افراد کا تعلق مری قبیلے سے ہے اور وہ سبزال روڈ کوئٹہ کے رہائشی ہیں۔

پولیس کی تحقیقات جاری
دونوں واقعات کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ سبی میں تصادم کی وجوہات جبکہ کوئٹہ میں فائرنگ کے محرکات کا تعین کیا جا رہا ہے۔ کوئٹہ کے واقعے میں مبینہ طور پر ملوث شخص کے خلاف بھی مزید کارروائی جاری ہے۔