اسلام آباد (بیورو رپورٹ، خصوصی رپورٹ ) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے آدھے سے زیادہ اہم رہنما اور اراکینِ اسمبلی ہماری پارٹی اور حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، وہ تمام لوگ اپنی ہی مرکزی قیادت کی موجودہ سیاسی حکمت عملی سے شدید نالاں ہیں۔ صوبے میں ایم پی ایز کے 10، 20 اور 30 ارکان پر مشتمل کم از کم 14 سے زائد مختلف گروپس بن چکے ہیں، ایم این ایز کا بھی یہی حال ہے، پی ٹی آئی کے پاس نہ تو کوئی واضح سیاسی لائحہ عمل ہے، نہ ہی پارٹی کو آگے لے جانے کا کوئی پلان یا حکمتِ عملی موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اب کوئی ایک یکجا جماعت نہیں رہی بلکہ یہ متعدد گروپوں میں تقسیم ہو چکی ہے، پی ٹی آئی کے اندر آدھے سے زیادہ لوگ ہمارے ساتھ ملے ہوئے ہیں، دیگر مختلف دھڑوں میں بٹے ہوئے ہیں، یہ رہنما باقاعدگی سے رابطے میں رہتے ہیں اور پارٹی کے اندر کی تمام صورتحال، اختلافات اور فیصلوں سے آگاہ کرتے رہتے ہیں کیونکہ وہ اپنی موجودہ لیڈرشپ کے رویئے اور تصادم کی پالیسی سے سخت تنگ آ چکے ہیں۔حنیف عباسی نے پی ٹی آئی کے سینیئر رہنماؤں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ علی محمد خان اور خیبرپختونخواہ کے سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی جیسے رہنماء خود اس بات کا اعتراف کر چکے ہیں کہ وہ شروع دن سے حکومت اور قومی اداروں کے ساتھ تصادم اور لڑائی جھگڑے کی مخالفت کرتے رہے ہیں، ان رہنماؤں کا مؤقف رہا ہے کہ محاذ آرائی اور سڑکوں کی سیاست سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ مذاکرات اور سیاسی بات چیت ہی واحد راستہ ہے۔