چیف جسٹس کا روسٹرم پر زیادہ وکلاء آنے پر برہمی کا اظہار ، 4 دسمبر کو سماعت
عمران اور بشریٰ کی ضمانت میں توسیع ،سیشن عدالت کا ملزم کو پیش کرنیکی ہدایت
لاہور، اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی نو مئی کا صرف ایک مقدمہ چلانے کی درخواست مزید سماعت کیلئے دو رکنی بنچ کو بھجوا دی۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے درخواست پر سماعت کی، بانی پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے، دورانِ سماعت عدالت نے روسٹرم پر زیادہ وکلاء کھڑے ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ یہ درخواست اتنی بھاری ہے جو اتنے وکیل روسٹرم پر آگئے، عدالت نے لطیف کھوسہ کے علاوہ تمام وکلاء کو روسٹرم چھوڑنے کی ہدایت کی، چیف جسٹس نے لطیف کھوسہ سے استفسار کیا کہ لگتا ہے اپ عدالت کی ہدایت سمجھنا ہی نہیں چاہتے، آپ کے ساتھ وکیل کیوں آکر کھڑے ہوگئے ہیں؟چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیے کہ درخواست مزید سماعت کے لیے اے ٹی سی کیسز کی سماعت کرنے والے دو رکنی بنچ کو بھجوا رہے ہیں، جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ 4 دسمبر کو مزید سماعت کرے گا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے 9 مئی سمیت دیگر مقدمات میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت میں توسیع کردی۔ اسلام آباد کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی و دیگر 5 کیسز کی سماعت کی۔دوران سماعت عمران خان کی عدم دستیابی کے باعث ضمانت کی درخواستوں پردلائل نہ ہوسکے اور عدالت نے اگلی سماعت میں بانی پی ٹی آئی کو عدالت میں یا ذاتی یا بذریعہ ویڈیولنک پیش کرنیکی ہدایت کی۔عدالت نے سماعت کے بعد عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل ازگرفتاری میں توسیع کرتے ہوئے دونوں کو 23 دسمبر تک گرفتار کرنے سے روک دیا۔